مٹی کے تودے اور پتھر گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ بند

محمد تسکین

رام بن//ضلع رام بن میں متعدد مقامات پر پسیاں اور پتھر گرآنے کی وجہ سے وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت بند کردی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا ،”جموں سرینگر شاہراہ کئی مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک آمد ورفت کیلئے بند ہے”۔
انہوں نے بتایا کہ مہاڑ ، کیفٹیریا موڑ اور شالگڑی ،شیر بی بی کے مقام پر پتھر اور پسیاں گر آئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ موسمی حالات میں بہتری اور پتھر گرنے کا سلسلہ تھمنے کے بعد شاہراہ پر بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔
ٹریفک حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ خراب موسمی صورتحال کے درمیان شاہراہ پر سفر کرنے کا منصوبہ نہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کے بعد دوطرفہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ لوگ سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سے رابطہ کریں۔
ادھر جموں و کشمیر بھر میں گزشتہ روز سے ہی برف و باراں کا سلسلہ جاری ہے، جو آج بھی دن بھر جاری رہنے کا امکان ہے۔