جموں و کشمیر میں جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیب جلد شروع کی جائے گی: سکریٹری صحت و طبی تعلیم

یو این آئی

سری نگر// سکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بھوپندر کمار کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں عنقریب ایک ماڈرن ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری چالو ہونے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو ہماری موجودہ لیبارٹریز ہیں ان کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہیں سے بھی غیر معیاری ادویات کے بارے میں شکایت موصول ہوتی ہے تو فوری طور پر ضروری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
موصوف سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ہماری سٹیٹ میں بہت جلد ایک ماڈرن ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری چالو ہونے والی ہے جو لگ بھگ مکمل ہے اور اس کے لئے مشینیں بھی آنا شروع ہوئی ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بہت جلد اپنی ٹیسٹنگ فیسلٹی ہوگی اور اس کے علاوہ جو ہماری موجودہ لیبارٹریز ہیں ان کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے جس کے لئے حکومت نے 23 کروڑ روپیے واگذار بھی کئے ہیں۔
مسٹر کمار نے کہا کہ ٹیسٹنگ گنجائش کو بڑھانا اور معیار کو بر قرار رکھنا ہماری توجہ کا خصوصی مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہیں سے بھی غیر معیاری ادویات کے بارے میں شکایت موصول ہوتی ہے تو ہم فوری طور پر ضروری کارروائی کرتے ہیں۔
ہیلتھ سکریٹری کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں ہیلتھ افراسٹرکچر کو بہتر بنا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ہر سطح کے ہیلتھ ادارے میں کیا سہولیات ہونی چاہئے وہ طے ہیں لیکن کبھی ایسا ہوتا ہے کہ لوگ پی ایچ سی میں ضلع ہسپتال جیسی سہولیات چاہتے ہیں جو ممکن نہیں ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کمیوں کو دور کرنے کے لئے ایک روڈ میپ تیار کر رہے ہیں۔
بھوپندر کمار نے کہا کہ ہم وقت وقت پر خالی اسامیوں کو پی ایس سی یا جے کے ایس ایس بی کو ریفر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے دنوں قریب تین ہزار اسامیاں ریفر کی ہیں وہاں سے بھی ڈیڑھ دو ہزار اسامیوں کی بھرتی ہوئی ہے۔