جموں میں ترو پتی بالا جی مندر عقیدت مندوں کے لئے کھول دیا گیا

یو این آئی

جموں// جموں کے مجین علاقے میں حسین شیوالک جنگلات کے درمیان واقع ترو پتی بالا جی مندر کے دروازے جمعرات کے روز عقیدت مندوں کے لئے کھول دئے گئے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھگوان شری وینکٹیشور سوامی کے اس مندر کا افتتاح ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندرا سنگھ اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
افتتاح سے قبل اس مندر میں خصوصی پوجا کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
62 ایکٹر اراضی پرپھیلے اس مندر کو 33.22 کروڑ روپیوں کی لاگت سے دو مرحلوں میں تعمیر کیا گیا۔
یہ شمالی ہندوستان کا پہلا وینکٹیشور سوامی مندر ہے اور اس کا شمار جموں کے بڑے مندروں میں ہوتا ہے۔
یہ مندر وینکٹیشور سوامی کے نام وقف ہے ، جو ویشنو کی ایک شکل ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ یہاں انسانیت کو کالی یوگ کی آزمائشوں اور پریشانیوں سے بچانے کے لیے نمودار ہوئے تھے۔