عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سیکورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے۔بتادیں کہ وزیر اعظم 19ستمبر کے روز جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں چناوی ریلی سے خطاب کریں گے۔
پی ایم مودی کے اس دورے کے پیش نظر حکام نے وادی بالخصوص شہر سری نگر کے قرب وجوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔جدید ہتھیاروں سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکس ہیں۔ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی تھی اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔
کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے تھے۔سری نگر کی شیر کشمیر پارک کے اردگرد سیکورٹی فورسز کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔سری نگر کے قلب لالچوک ،ریگل چوک، بٹہ مالو ، مائسمہ ، ایم اے روڈ ، ایس آرٹی سی اور ڈلگیٹ میں خصوصی ناکہ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے حدود میں داخل ہونے والی نجی اورمسافر بردار گاڑیوں کو بھی بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقوں جن میں زکورہ ، گلاب باغ، پاندچھ ، آلسٹینگ اور ناگہ بل علاقے شامل ہیں، میں دو پہیہ گاڑیوں جن میں خاص کر موٹر سائیکل شامل ہیںکو روک کر ان میں سوار افراد کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہر کے چند علاقوں میں سکوٹیز کی ضبطی کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔دریں اثنا پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سری نگر آمد کے پیش نظر سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی ایم مودی سری نگر میں چناوی ریلی سے خطاب کریں گے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر بھر میں ناکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔