رام بن میں آتشزدگی کی بھیانک واردات، تین بہنیں جھلس کر جاں بحق

بانہال// رام بن کے اکھڑال علاقے میں گزشتہ شب آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں تین بہنوں کی موت واقع ہو گئی ہے اور مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے علاقے اکھڑال کے تاجنی ہال میں آتشزدگی کے واقعے میں 3 بہنیں جھلس کر جاں بحق ہو گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ صبح تقریباً 2 بجے آگ بھڑک اٹھی اور اس نے دو منزلہ مکان کو لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگر چہ مقامی لوگوں کی جانب سے فوری طور پر بچاؤ کاروائیاں شروع کی گئی تاہم آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس پر قابو نہیں پانے میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی جس دوران گھر میں موجود تین افراد کو نہیں بچایا جا سکا۔
پولیس نے جاں بحق لڑکیوں کی شناخت 18 سالہ بسمہ بانو، 14 سالہ صائقہ بانو اور 11 سالہ ثانیہ بانو دختران عبداللطیف لون سکنہ تاجنیہال دھنمست پنچایت کے طور پر کی ہے۔ آتشزدگی کے واقع میں رہائشی مکان کی تیسری منزل پوری طرح سے خاکستر ہو گئی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔