یو این آئی
بارہمولہ// معاشرے سے منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک خاتون سمیت تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن شیری کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او کی سربراہی میں کچہامہ علاقے میں سروس اسٹیشن کے نزدیک ایک ناکے کے دوران ایک اسکوٹی زیر رجسٹریشن JK05 – 0116 پر سوار ایک خاتون سمیت تین افراد کو روکا جو کچہامہ کی طرف آرہے تھے۔انہوں نے کہا: ‘تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 776 گرام ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد ان کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن شیری میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت ریاض احمد گنائی ولد غلام حسن، شوقین احمد گنائی لود عبدالجبار گنائی ساکنان بٹنگی بونیار اور سلیمہ بیگم زوجہ محمد اشرف نجار ساکن شیری کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شیری میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔پولیس نے لوگوں کو منشیات کی بدعت کے قلع قمع کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل دہرائی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 242 مقدمے درج کرکے 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے۔