سوپور اور کولگام میں تین منشیات فروش گرفتار: پولیس

File Photo

یو این آئی

سوپور// جموں وکشمیر پولیس نے سوپور اور کولگام میں تین منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوپور پولیس نے ڈانگر پورہ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران منشیات فروش ساہل بشیر عرف لالہ ولد بشیر احمد زرگر ساکن بہرام پورہ رفیع آباد کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کرکے ضبط کی۔
انہوں نے بتایا کہ کولگام پولیس نے سنیچر کے روز میر بازار چوک میں ایک مشتبہ نوجوان عامر احمد شیخ ولد منظور احمد ساکن چرٹھ قاضی گنڈ کو روک کر اس کی جامہ تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے 1.8کلو گرام نشیلی مادہ برآمد ہوا۔
علاوہ ازیں ایس ایچ او کیموہ نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ہر ناگ ریلوے کراسنگ کے نزدیک ناکہ چکینگ کے دوران ایک نوجوان ظہور احمد خان ولد سرب خان ساکن میدانپورہ دہلی کو دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے 140گرام بھنگ جیسی اشیاء برآمد کرکے اس کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کاکاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس نے لوگوں سے معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جاری مہم کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔