جنوبی کشمیر میں 3 غیر مقامی منشیات سمگلر گرفتار، بڑی مقدار میں ممنوعہ مادہ ضبط

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پولیس نے ہفتہ کو ایک بڑے بین الریاستی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تھے۔
پولیس نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ انہیں دہلی سے سرینگر کی طرف منشیات کی ایک کھیپ لانے کی مصدقہ اطلاع ملی، جس پر مختلف راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کیے گئے۔
چیکنگ کے دوران، جنوبی کشمیر کے دونی پورہ، بجبہاڑہ میں ایک گاڑی کو روکا گیا، جس میں تین افراد سوار تھے۔
گرفتار شدگان کی شناخت مونٹی سنگھ، سکنہ بلندشہر (یو پی)، آشیش بھردواج اور راہول، دونوں ساکن چھترپور، نئی دہلی کے طور پر ہوئی ہے۔
تلاشی کے دوران گاڑی کے دروازے کے پینلز سے پولیس نے 413بوتلیں کوڈین فاسفیٹ (NRX) برانڈڈ کوڈرل-ٹی برآمد کیں۔
تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تھانہ بجبہاڑہ منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ حراست میں ہیں۔
پولیس نے کہا کہ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ کھیپ سوپور اور سرینگر میں پہنچائی جانی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس کے بعد متعدد چھاپے مارے گئے اور شمالی کشمیر کے سوپور سے ایک مقامی سمگلر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ نئی دہلی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) سے رابطہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں نوئیڈا کے سیکٹر 135 میں ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے بڑی مقدار میں کوڈین بھی برآمد ہوئی۔
پولیس نے کہا کہ اس نیٹ ورک کے مرکزی افراد کی شناخت سچن رانا اور ارون رانا، دونوں ساکن فرید آباد کے طور پر ہوئی ہے، اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کاروائی نے بین الریاستی منشیات نیٹ ورک کے اگلے اور پچھلے روابط کو بے نقاب کر دیا ہے، اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں کیونکہ تحقیقات جاری ہیں۔