جموں وکشمیر کا اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہی ہوگا: رویندر رینا

عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈر اور نوشہرہ حلقے کے امیدوار رویندر رینا نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بھاجپا کی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت بھاجپا کی لہر چل رہی ہے اور سماج کا ہر طبقہ بی جے پی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے بیتاب ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے نوشہرہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔رویندر رینا کے مطابق پارلیمانی چناو میں جموں وکشمیر میں ریکارڈ ووٹنگ درج ہوئی اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ماضی کے سبھی ریکار ڈ ٹوٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا :’گزشتہ دس برسوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں امن ، شانتی اور خوشحالی واپس لوٹ آئی جبکہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں تعمیر وترقی کا جال بھی بچھایا گیا۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت یقینی ہے کیونکہ جس طرح سے پارٹی کے ساتھ لوگ جڑ رہے ہیں اس سے یہ عیاں ہے کہ اگلی سرکار بھاجپا کی ہی ہوگی۔
رویندر رینا کا مزید کہنا تھاکہ بی جے پی کے کارکن اس وقت گھر گھر الیکشن مہم چلا رہے ہیں اور لوگوں کو بھاجپا امیدواروں کے حق میں ووٹ کاسٹ کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔ان کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران مرکزی سرکار نے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے ، لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہاکہ مقامی سیاسی پارٹیوں کے کھوکھلے نعروں سے لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔