عارضی ملازمین کا پھر احتجاج، نوکریوں کی مستقلی اور منیمم ویجز ایکٹ پر عمل درآمد کا مطالبہ

File Photo

جموں//مختلف سرکاری محکموں میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے عارضی ملازموں نے اپنے مطالبات کو لے کر منگل کے روز جموں میں احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں کے مطالبات میں ان کی نوکریوں کی مستقلی اور منیمم ویجز ایکٹ پر عمل درآمد خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اپنے محکموں کی خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں جس کے عوض ہمیں حقیر تنخواہ وہ بھی چھ چھ سات سات ماہ کے بعد دیکھنے کو ملتی ہے جس سے گھر کا چولھا جلتا ہے نہ قرض کی ادائیگی ہوتی ہے۔
جموں میں جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا اور سرکار سے مطالبہ کیاکہ اُن کی نوکریوں کو مستقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس قبل بھی کئی بار احتجاجوں کے ذریعے حکومت کی توجہ اپنے مطالبات کی طرف مبذول کرنے کی کوشش کی لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کو اپنے اپنے محکموں کی بھر پور خدمت کے عوض بھوک ملتی ہے اور سماج میں بھی رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عارضی ملازمین اور سرکار کے درمیان ایک ٹکراو پیدا ہوا ہے جس کو ختم کرنا کا واحد طریقہ ان کے مطالبات کو پورا کرتا ہے۔
بتادیں کہ سال 2017 کے اواخر میں پی ڈی پی – بی جے پی حکومت نے مختلف سرکاری محکموں میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے 60 ہزار عارضی ملازموں کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اس اعلان کے چھ ماہ بعد ہی یہ حکومت بی جے پی کی طرف سے اچانک حمایت واپس لینے کے نتیجے میں ختم ہوئی تھی