سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت مزید گر گیا، منفی 3.4 درج

Photo: Mubashir Khan/Tangmarg

سری نگر// خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے لوگوں کا جینا اجیرن کرکے رکھ دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ وادی میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جا رہا ہے۔
اسی دوران جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی دوران شبانہ درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا کہ دنیا کے مشہور سیاحت مقام، گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ رات منفی 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں درجہ حرارت منفی 2.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پہلگام میں بھی سب سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 7 دسمبر تک موسم میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دریں اثنا وادی میں اتوار کو بھی صبح سے ہی موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔