ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کو روکنے کی خاطر سخت سیکورٹی اقدامات کئے جائیں: جتندر سنگھ

یو این آئی

سری نگر// وزیراعظم دفتر میں تعینات وزیرمملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اننت ناگ میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں عام شہری کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کی خاطر سخت سیکورٹی اقدامات کئے جائیں۔
اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے منگل کے روز کہاکہ اننت ناگ میں ادھم پور سے تعلق رکھنے والے مزدور کی ہلاکت ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہاکہ دیپو روزی روٹی کی خاطر کشمیر گیا ہوا تھا اور کل شام دہشت گردوں نے اس کا وحشیانہ قتل کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی کے سینئر لیڈران اور کارکن مہلوک نوجوان کے گھر گئے اور اہل خانہ کو یقین دلایا کہ سرکار ان کی ہر طرح سے مدد فراہم کرئے گی۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کو روکنے کی خاطر سخت حفاظتی اقدامات نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔
موصوف وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عام شہری کی ہلاکت میں ملوث دہشت گردوں کو بہت جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔
بتادیں کہ ضلع اننت ناگ کے جنگلات منڈی علاقے میں پیر کی شام کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے سرکس میں کام کر رہے ایک مزدور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔