سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کامعاملہ: سرینگر پولیس نے دو افراد کو حراست میں لیا

یو این آئی

سرینگر// سری نگر پولیس نے جھیل ڈل میں ایک شکارہ میں بیٹھے کچھ نامعلوم افراد کے مخمور حالت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور اس سلسلے میں رام منشی باغ پولیس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شکارہ میں بیٹھے چند نامعلوم افراد جو کہ نشے کی حالت میں تھے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے۔
انہوں نے کہا :’ دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ کچھ مشکوک افراد سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ‘
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
بتادیں کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متحدہ مجلس علماءسمیت دیگر سیاسی اور سماجی تنظیموں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا تھا۔