شاہراہ پر سرکاری ملازمین اور طلباءکی گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت نہیں چندر کوٹ سے 5700 سے زائد یاتریوں کا جتھا کشمیر کی طرف رواں دواں

نیوز ڈیسک

بانہال// دو سال کے وقفے کے بعد امسال امرناتھ یاترا کا آغاز ہوا ہے اور جموں سے یاتریوں کے جتھے کشمیر کی طرف رواں دواں ہیں۔ اسی دوران سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی مخصوص ایڈوائزری جاری کی ہے، جس کے مطابق مقامی ٹرانسپورٹ کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہے، لیکن زمینی صورتحال کچھ اور ہی ہے۔
شاہراہ پر یاتریوں کے قافلے کے گزرجانے اور مقررہ وقت کے گھنٹوں بعد تک بھی شاہراہ پر مقامی ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت نہیں ہے، جس سے مقامی زندگی فلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
جمعرات کی صبح سے ہی شاہراہ پر یاترا کی گاڑیوں چل رہیں تھیں، جس کی وجہ سے مقامی ٹرانسپورٹ بند تھا ، تاہم یاترا کے گزر جانے بعد بھی مقامی گاڑیوں کو روکا گیا تھا۔ اس دوران شاہراہ پر کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہے۔ نزدیک منزلوں تک جانے والے سرکاری ملازمین اور سکول کالج جانے والے بچوں کو لیکر جانے والی گاڑیاں بھی بانہال اور رام بن کے درمیان کئی مقامات پر فی الحال بند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چندرکوٹ میں وقفے کے بعد آج کل ملا کر 5700 زائد امرناتھ یاتریوں کو پوتر گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ یاتری 229چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سوار ہیں۔
150گاڑیاں پہلگام کے راستے جبکہ 79 گاڑیاں بال تل کے راستے پوتر گپھا کے درشن کیلئے روانہ کی گئی ہیں۔ یاترا کی گاڑیاں ابھی بانہال اور رام بن کے درمیان محو سفر ہیں۔