جموں سری نگر قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے تاحال بند| بحالی کا کام جاری

جموں//جموں سری نگر قومی شاہراہ جمعہ کو مسلسل چوتھے دن بھی بند ہے جب کہ تعمیراتی ایجنسیوں نے شاہراہ کو بلاک کرنے والے پتھروں کو ہٹا کر ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

رام بن اور ادھم پور اضلاع میں 33 مقامات پر مٹی کے تودے ، پسیاں گرنے اور پتھراؤ کی وجہ سے شاہراہ بند 4روز سے بند، اس کے علاوہ 150 فٹ سڑک کا ایک زیر تعمیر پل شدید بارش کے بعد آئے سیلاب کی وجہ سے ڈہہ گیا تھا۔
محکمہ ٹریفک کے اہلکار نے بتایا، “سرینگر-سونمرگ-گمری سڑک مرمت اور دیکھ بھال کے لئے بند ہے۔ تاہم مغل شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت جاری ہے”۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شام سرینگر جموں شاہراہ پر جاری بحالی کے کام میں رکاوٹ بننے والے پتھروں کو ہٹانے کے لیے دھماکہ خیز مواد کا استعمال بھی کیا گیا۔
اہلکار نے بتایا، “بانہال-رام بن-اودھم پور سیکشن میں بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے جس کی وجہ سے اودھم پور ضلع میں بحالی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے”۔
یاد رہے کہ منگل کو پنتھیال میں پتھراؤ کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر، رام بن، مسرت اسلام، جو ذاتی طور پر روڈ کلیئرنس آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، نے کہا کہ انتظامیہ نے درماندہ مسافروں کے رات کے قیام اور کھانے کے انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ ہائی وے پر سفر شروع کرنے سے پہلے ٹریفک کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔