معراج العالم کی اختتامی تقریب پر وادی میں روح پرور اجتماعات

Photo: Amaan Farooq

یو این آئی

سری نگر// وادی کشمیر کے درگاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں جمعے کو معراج عالم کی مناسبت سے روح پرور تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شمولیت کی۔
اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد کی گئی جہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد لوگ موئے مقدس (ص)کے دیدار سے مستفیض ہوئے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول (ص) وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے۔
اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص) نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔
درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول (ص) موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں لاکھوں فرزندان توحید نے باجماعت نماز جمعہ ادا کی اور بعد میں موئے پاک کا دیدار کیا۔
درگاہ حضرت بل میں فرزندان توحید کی تعداد کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا تھا کہ یونیورسٹی کے مین گیٹ تک تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ نماز جمعے کی ادائیگی کے بعد لاکھوں زائرین موئے پاک (ص )کے دیدار سے فیضیاب ہوئے جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کوملے۔
دریں اثنا شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ اور دوسری عبادگاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔
انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔
محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے تھے۔
عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب رکھی تھی۔