محمد تسکین
بانہال // بانہال کے نزدیک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار کار کی زد میں آ کر 2 خواتین سمیت تین راہگیر زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ فورلین شاہراہ سے ٹھٹھاڑ کی طرف جارہی رابطہ سڑک پر پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ وادی کشمیر سے بانہال کی طرف آرہی ایک آر ویگن کار نے بانہال ٹول پلازہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور راہگیروں کو ٹکر مار دی ، جس کی وجہ سے تینوں افراد شدید زخمی ہوئے ہیں اور انہیں بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے زخمیوں کی شناخت حِنا بیگم زوجہ عاشق بٹ ، ارشادہ بیگم زوجہ عبدالمجید بٹ اور 14 سالہ بسمہ مجید دختر عبدالمجید بٹ ساکنان نوگام بانہال کے طور کی ہے ۔
حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس اور نوگام کے رضاکاروں نے بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا اور تینوں زخمیوں کو ایمرجنسی ہسپتال بانہال پہنچایا ہے جہاں سے تینوں زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے ایک کیس درج کرکے ضابطہ کی کاروائی شروع کی ہے۔