سوپور: شوہرکے قتل میں ملوث خاتون اور آشنا گرفتار

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سوپور// شمالی کشمیر کے سوپور قصبہ کے زلورہ گاوں میں جمعہ کو پولیس نے ایک قتل کا معاملہ حل کرتے ہوئے مقتول کی اہلیہ اور اُس کے عاشق (آشنا) کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سوپور کے زلورہ گاﺅں میں اس وقت کہرام مچ گیا جب 3 بیٹیوں کے والد کی پراسرار حالات میں لاش بر آمد ہوئی،متوفی کے رشتہ داروں اور پڑوسیوں نے الزام عائد کیا کہ متوفی کو قتل کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس کی ایک پارٹی نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی چھان بین شروع کی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول ریاض احمد میر کے اہل خانہ نے جمعہ کی صبح ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی اور کافی تلاش کے بعد ان کی لاش پانی سے بھری ایک چھوٹی کھائی سے ملی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اہلِ خانہ کے الزامات کے بعد پولیس کی خصوصی ٹیم نے کاروائی شروع کی اور کئی افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جس دوران اس کی اہلیہ سے پوچھ تاچھ کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران مقتول کی اہلیہ نے جرم کا اعتراف کر لیا اور پورے معاملے میں اس کے بوائے فرینڈ (آشنا) کے ملوث ہونے کا انکشاف بھی کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ خاتون لے انکشاف پر خاتون اور اس کے عاشق کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ معاملے کی چھان بین جاری ہے۔ پولیس ہفتہ کی صبح اس سے متعلق حقائق کو شائع کرے گی۔