جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں برفباری؛ میدانی علاقوں میں بارش سے معمولات متاثر

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں بشمول مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں موسم کی پہلی ہلکی برفباری ہوئی، جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں نے معمولات زندگی کو متاثر کیا۔
ہفتہ کی رات ہونے والی بارشوں نے کشمیر میں تین دہائیوں بعد ہونے والے پہلے بین الاقوامی میچ، لیجنڈز لیگ کرکٹ (LLC 2024)، کو بھی روکنے پر مجبور کر دیا۔
گلمرگ کے فیز II میں 2 سے 3 انچ تک برف جمع ہوئی جبکہ شمالی کشمیر میں واقع گریز کے رزدان پاس پر بھی ہلکی برفباری دیکھنے کو ملی۔
جموں صوبہ کے پیرپنچال اور چناب کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے دس دنوں میں علاقے میں زیادہ تر خشک موسم کی توقع ہے۔
آزاد ماہرِ موسمیات نے کہا کہ “5 اکتوبر کو کچھ علاقوں میں دوپہر یا شام کے اوقات میں بارش ہو سکتی ہے، لیکن مجموعی طور پر خشک موسم رہنے کی توقع ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “7 اور 8 اکتوبر کو زیادہ تر خشک موسم رہے گا، کچھ مقامات پر مختصر بارشوں کا معمولی امکان ہو سکتا ہے”۔9 سے 10 اکتوبر تک بھی زیادہ تر خشک موسم رہے گا، تاہم کچھ علاقوں میں 50 فیصد امکان ہے کہ مختصر بارشیں ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا، “11 سے 14 اکتوبر تک بھی خشک موسم کی پیشن گوئی ہے”۔