جموں و کشمیر میں برف و باراں، شبانہ درجہ حرارت میں بہتری

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سری نگر// جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام سونمرگ ، گلمرگ اور دیگر بالائی مقامات پر گزشتہ روز و شب ہلکی برفباری ہوئی، جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہوئیں، جس دوران وادی میں مجموعی طور پر درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
کشمیر میں تین ہفتوں سے جاری خشک موسم کے بعد جمعرات کو وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے بعد موسم میں بہتری آئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعرات کو شمالی کشمیر کے گلمرگ، وسطی کشمیر میں سونمرگ اور بالائی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ گاندربل ضلع کے سونمرگ میں جمعہ کی صبح بھی ہلکی برفباری جاری رہی۔
اُنہوں نے کہا کہ سونمرگ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی برفباری کے ساتھ کئی مقامات پر جزوی طور پر عام طور پر ابر آلود موسم رہا۔ تاہم، زیادہ تر مقامات پر دوپہر کے وقت موسم میں نمایاں بہتری آئے گی اور موسم آگے خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 2 سے 7 دسمبر تک موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا جبکہ 8 سے 10 دسمبر تک جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقفے کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں تین سے پانچ ڈگری تک کمی واقع ہوگی۔
اسی دوران گزشتہ شب وادی میں کئی مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا جس کے ساتھ ہی گلمرگ واحد موسمی مرکز ہے جہاں جمعرات کی رات پارہ نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔
جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سیلسیس تھا جبکہ قاضی گنڈ میں 2.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے پہلگام میں کم سے کم 0.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔