چندنواری حادثے میں 6 اہلکار ہلاک، 35دیگر زخمی

سری نگر//پہلگام کے قریب چندنواری میں پیش آئے سڑک حادثے میں انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے کم از کم چھ اہلکار ہلاک جب کہ 35 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو کر گہری کھائی جا گری۔
پولیس زرائع نے بتایا کہ آئی ٹی بی پی کے اہلکاروں کو لے جانے والی بس، جو یاترا کی ڈیوٹی کے لیے تعینات تھی، چندنواری پہلگام سے واپس آرہی تھی ، جب گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گاڑی کھائی میں گر گئی۔
پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور سمیت چار اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے اور دو دیگر ہسپتال منتقل کرتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ حکام نے بتایا کہ 35 دیگر زخمی ہوئے، جن میں سے زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، جہاں سے انہیں فوج کے 92 بیس ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا، “اننت ناگ ضلع کے چندنواری پہلگام کے قریب ایک سڑک حادثے میں، آئی ٹی بی پی کے 6 اہلکار شہید ہو گئے جب کہ متعدد زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لیے سری نگر کے فوجی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، مزید تفصیلات کا انتظار ہے”۔