کشتواڑ میں 4 سرگرم ملی ٹینٹوں کے گھروں پر ایس آئی یو کے چھاپے

کشتواڑ// پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے بدھ کو ایک بار پھر ضلع کشتواڑ میں متعدد مقامات پر پاک مقبوضہ کشمیر سے سرگرم مبینہ ملی ٹینٹوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔
ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے کہا کہ ڈی ایس پی وشال شرما نے یو اے پی اے کے تحت درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 272/2022 کے سلسلے میں این آئی اے کورٹ جموں سے تلاشی کے وارنٹ حاصل کرنے کے بعد چار ملی ٹینٹوں کے گھروں/رہائشی احاطوں کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا کہ جن ملی ٹینٹوں کے احاطے میں تلاشی لی گئی ان میں آزاد حسین سکنہ افانی پاڈر، غازی الدین سکنہ جگنا کیشوان، بشیر احمد مغل سکنہ جگنا کیشوان اور ستار دین عرف رجب سکنہ جگنا کیشوان کے رہائشی مکانات شامل ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ تمام ملی ٹینٹ پاکستان زیرِ انتظام کشمیر میں مقیم ہیں اور وہیں سے کام کر رہے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا، “تلاشیوں کے دوران، اکٹھے کیے گئے شواہد کی چھان بین کی جائے گی تاکہ ملزمان کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور ملی ٹینسی کو دوام بخشنے کے لیے عدالتی فیصلہ کے تابع کیا جا سکے”۔
ایس ایس پی کشتواڑ نے مزید کہا کہ ملی ٹینٹوں کے ان تمام حامیوں/ساتھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جو تحقیقات کے دوران ملوث پائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا، “تلاشیوں کا مقصد مختلف اوور گراو¿نڈ کارکنوں اور ملی ٹینٹوں کے حامیوں کی شناخت کرکے ضلع میں ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنا ہے”۔