ایس آئی یو نے13ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی

File Photo

یو این آئی

 

سری نگر// سپیشل تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی یو) نے جمعے کے روز سری نگر کی ایک عدالت میں 13ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ پارمپورہ پولیس تھانے میں درج کیس زیر نمبر 127کے سلسلے میں 28 مئی 2022 کو مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے برتھنہ قمر واری میں کئی رہائشی مکانوں کی تلاشی لی جس دوران چھ افراد کو حراست میں لیا گیا اور بعد میں ایک سرگرم ملی ٹینٹ شارق وانی کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ مزید تین ملزمان (سرگرم ملی ٹینٹ) جو اس کیس میں پولیس کو مطلوب تھے مختلف تصادم آرائیوں کے دوران مارے گئے جبکہ اس کیس میں مزید تین ملی ٹینٹ جن کی شناخت باسط ، مومن اور اومیس کے بطور ہوئی ہے پولیس کو مطلوب ہے اور تینوں ٹی آر ایف سے وابستہ ہے۔
اُن کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات منکشف ہوئی کہ ملزمان نے سرگرم ملی ٹینٹ کے ساتھ روابط استوار کر رکھے تھے اور مجرمانہ سازش کے تحت انہوں نے ملی ٹینٹوں کے ساتھ مل کر سری نگر ضلع میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کی سازش کی تھی۔
یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ مذکورہ دہشت گردوں کو رہائشی مکانات میں پناہ دی گئی تھی۔ یو اے پی اے ایکٹ کی دفعہ 25 کے تحت تخریبی سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لائے گئے ان مکانات کو اٹیچ کرنے کی خاطر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
موصوف ترجمان کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی عدالت میں سات ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔