کپواڑہ میں ایس آئی اے کی کاروائی، جماعت اسلامی سے منسلک 20 دکانیں سربمہر

کپواڑہ// جموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں پیر کوتقریباً 20 دکانوں کو سیل کر دیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے، ایس آئی اے نے ان دکانوں کو سربمہر کرنے کے لیے کارروائی کی، جو جماعت اسلامی کی ملکیت والے ایک شاپنگ کمپلیکس میں بنائی گئی ہیں۔ اسی دوران ایس آئی اے ٹیم نے جائیداد کی ضبطی کا بورڈ لگایا۔
یہ جائیداد کپواڑہ کے گاؤں میں واقع ہے اور سروے نمبر 29902666/270 اور 3551|2979263 کے تحت آنے والی زمین پر واقع بیس دکانوں پر مشتمل ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی یو اے(P) ایکٹ کے سیکشن 8 کے تحت پولیس تھانہ بٹہ مالو میں درج کیس کے سلسلے میں کی گئی ہے، جو فی الحال ایس آئی اے کشمیر کے زیر تفتیش ہے۔
اس پراپرٹی کے قابضین اور عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ اس پراپرٹی کے استعمال پر پابندیاں ہیں۔ سائن بورڈ پر لکھا ہے کہ اس حکم کی کسی بھی خلاف ورزی پر تعزیری دفعات لاگو کی جائیں گی۔