اننت ناگ میں جماعتِ اسلامی کی متعدد جائیدادیں ضبط

اننت ناگ//سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے جنوبی کشمیر میں جماعتِ اسلامی کی متعدد جائیدادیں ضبط کر لیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی ایس پی محمد اشرف کی سربراہی میں ایس آئی اے کی ٹیم اننت ناگ کے گاﺅ سرہامہ پہنچی اور وہاں واقع 07 مرلہ زمین خسرہ نمبر 1412 ، دو منزلہ پرانے مکان کو منسلک کیا جسے جماعتِ اسلامی تنظیم نے خریدا تھا۔مذکورہ مکان میں غلام محی الدین گنائی ولد محمد رمضان سکنہ سرہامہ بطور کرایہ دار رہائش پذیر ہے۔
اسی دوران،آئی این ایس پی سجاد احمد کی سربراہی میں ایس آئی اے کی ٹیم اقراءپبلک سکول ویدی سری گفوارہ پہنچی اور گاوں ودی میں واقع 02 کنال اور 07 مرلہ اراضی خسرہ نمبر 238 ،جو کہ جماعتِ اسلامی نے ایم ایس ٹی ختی زوجہ عبدالرشید میر اور ایم ایس ٹی نسیمہ دختر عبدالرشید میر سکنہ برکپورہ سے خریدی تھی، کو بھی ضبط کر لیا۔
بعد ازاں، ڈی ایس پی میر مرتضیٰ کی سربراہی میں ایس آئی اے کی ٹیم نے اروانی بجبہاڑہ میں واقع درسگاہ اسلامی اروانی کے نام پردرج جماعتِ اسلامی کی56 کنال اراضی ضبط کی۔
یہ جائیدادیں پولیس تھانہ بٹہ مالو سرینگر میں پی یو ایل اے ایکٹ کی دفعہ 10،11اور 13 کے تحت درج ایف آئی آر زیر نمبر 17/2019کے تحقیقات کے دوران ضبط کی گئی ہیں۔