ایس آئی بھرتی گھوٹالہ: ہائی کورٹ نے بی ایس ایف کمانڈنٹ کی ضمانتی عرضی مسترد کی

File Photo

جموں//جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے بدھ کے روز سب انسپکٹر گھوٹالہ کے کلیدی ملزم بی ایس ایف کمانڈنٹ (میڈیکل ) کی ضمانتی عرضی مسترد کرتے ہوئے کہاکہ چونکہ معاملہ انتہائی حساس ہے لہذا ملزم کو ضمانت نہیں دی جاسکتی ہے۔
بتادیں کہ سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ میں سی بی آئی نے24 ملزمان کے خلاف عدالت مجاز میں چارج شیٹ دائر کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے بدھ کے روز سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ کے کلیدی ملزم بی ایس ایف کمانڈنٹ (میڈیکل )کرنیل سنگھ کی ضمانتی عرضی مسترد کی۔
جسٹس موہن لال نے کہااگردرخواست گزار کو ضمانت پر رہا کر دیا جاتا ہے تو انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے کا خطرہ برقرار ہے۔
انہوں نے کہاکہ جرم گھناونا اور سنگین نوعیت کا ہے اورا س قسم کے جرائم کو سختی اور آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہئے۔
اُن کے مطابق اس طرح کے معاملات میں نرمی کا مظاہرہ کرنا واقعی غلطی ہوگی ۔
اس سے قبل ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل مونیکا کوہلی عدالت میں حاضر ہوئی اور ملزم کی ضمانتی عرضی کو مسترد کرنے کی سفارش کی۔
انہوں نے کہاکہ بی ایس ایف آفیسرنے جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے بعض آفیسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے پیپر قبل از وقت افشاں کئے۔
اُن کے مطابق ایس آئی گھوٹالہ میں ابتک 33 ملزمان کے خلاف کیس درج کیا گیا اور ملزم بی ایس ایف آفیسر اس سکیم کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
کوہلی نے جج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات ہو رہی ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاریاں بھی متوقع ہے ۔
بتادیں کہ 12نومبر کے روز سی بی آئی نے ایس آئی گھوٹالہ میں مبینہ طورپر ملوث 24 افراد کے خلاف عدالت مجاز میں چارج شیٹ پیش کیا۔
یہ بھی یاد رہے کہ ایس آئی اے امتحانات کے پیپر 20 سے 30لاکھ روپیہ میں مخصوص اُمیدواروں میں فروخت کئے گئے تھے۔