شوپیاں ہلاکت:ملوث افراد کی شناخت کر لی گئی،سخت کاروائی کی جائے گی:ڈی جی پی

File Photo

سری نگر//جموں و کشمیر پولیس چیف دلباغ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ شوپیاں میں گزشتہ روز ایک کشمیری پنڈت کے قتل میں ملوث دو افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق،منگل کو پہلگام سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والے آئی ٹی بی پی کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا کہ لوگوں نے جموں و کشمیر میں مثبت تبدیلیوں کی حمایت کی ہے، جو امن دشمن عناصر کے لیے موزوں نہیں، اور وہ اب امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی نے کہا،”لوگوں نے مثبت اقدامات کی حمایت کی۔ 05 اور 15 اگست کی تقریبات کی پرامن صورتحال قابل تعریف تھی اور لوگوں نے ہر ممکن طریقے سے امراناتھ یاترا کی حمایت کی، جو امن مخالف عناصر کے لیے موزوں نہیں تھی۔ وہ امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ان کی کوششوں کو مستقبل میں بھی ناکام بنایا جا ئے گا”۔
شوپیاں قتل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ملوث دو افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کل پہلگام سڑک حادثہ میں جان گنوانے والے آئی ٹی بی پی اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ زخمیوں کا خصوصی علاج کیا جا رہا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو زخمیوں کو مزید علاج کے لیے دہلی کے اسپتال لے جایا جائے گا۔