یو این آئی
نئی دہلی// بنگلہ دیش میں پیر کو فوجی بغاوت کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ (76) ملک چھوڑ کر ہندوستان آگئی ہیں۔ یہ اطلاع یہاں وزارت خارجہ کے ذرائع نے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق محترمہ حسینہ کو ہندوستان کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک اڈے سے ایک فوجی طیارے کے ذریعے نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کے ہنڈن ایئر فورس کے اڈے پر لے جایا گیا ہے۔ وہاں سے انہیں محفوظ مقام پر لے جایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ حسینہ کچھ وقت ہندوستان میں گزار سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے مجاہدین آزادی کے لیے نوکریوں میں ریزرویشن کے خلاف طلبہ کی تحریک نے پرتشدد رخ اختیار کرنے کے بعد اتوار کو دارالحکومت ڈھاکہ میں بڑے پیمانے پر تشدد ہوا، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت تقریباً 100 افراد ہلاک ہو گئے۔ ڈھاکہ کی سڑکوں پر مشتعل افراد کا ہجوم امڈ آیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق حزب اختلاف کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعت اسلامی کے عناصر بھی محترمہ حسینہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والی تحریک کو فروغ دے رہے تھے۔ آج صبح مشتعل افراد کی ایک بڑی تعداد ڈھاکہ میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ گنا بھون میں داخل ہوئی تھی۔
کچھ ویڈیو فوٹیج میں اسے ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے قریب دیکھا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حسینہ اپنی ایک بہن کے ساتھ ہندوستانی سرحدی ریاست تریپورہ کے شہر اگرتلہ کے لیے ہیلی کاپٹر سے گئیں۔
محترمہ حسینہ نے اپنے استعفیٰ کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے لیکن بنگلہ دیش کے بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے ان کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ انہوں نے تمام جماعتوں سے بات کرنے کے بعد ملک میں عبوری حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے صدر محمد شہاب الدین سے بات کریں گے۔