وزیر داخلہ کے دورہ سے قبل جموں و کشمیر میں سخت حفاظتی انتظامات

سری نگر//مرکزی وزیرِ داخلہ کے دورے کے پیشِ نظر جموں و کشمیر بھر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور شاہراہوں اور اہم سڑکوں پر اضافی فوجی و پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سری نگر، بارہمولہ، راجوری اور یوٹی کے دیگر حصوں میں چیک پوائنٹس بڑھا دیے گئے ہیں۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ یو ٹی بھر میں عمومی طور پر اور خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں وزیر داخلہ ریلیوں/عوامی اجتماعات سے خطاب کرنے والے ہیں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔
نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (KNO) نے ایک پولیس اہلکار کے حوالے سے بتایا، “چیک پوائنٹس پر چوبیس گھنٹے چوکسی ہے اور وزیرِ داخلہ کے پرامن اور محفوظ دورے کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی انتظامات کو سخت کیا گیا ہے”۔
انہوں نے کہا کہ راجوری میں، جہاں امت شاہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے چیک پوائنٹس، اور فوجی اہلکاروں کی اضافی تعیناتی کی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ میں سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیموں کی طرف سے چوکسی اور چوبیس گھنٹے گشت جاری ہے۔ امت شاہ شوکت علی سٹیڈیم بارہمولہ میں ایک میگا ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔
سری نگر میںبھی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ شہر میں دن رات گشت جاری ہے جبکہ مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ شاہ آج دوپہر دیر گئے جموں پہنچیں گے اور جموں کے راجوری پونچھ اور کشمیر کے بارہمولہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
امکان ہے کہ وہ نئی دہلی واپس جانے سے قبل سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔