بانڈی پورہ میں لشکر معاون کار گرفتار، دستی بم برآمد: پولیس

بانڈی پورہ// سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں ایک جنگجو معاون کار کو گرفتار کر کے دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ملی ٹینسی کے خلاف جاری کریک ڈاو¿ن میں، بانڈی پورہ پولیس نے فوج کی 13 آر آر اور 45 بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ایک جنگجو معاون کو بہار آباد حاجن میں گرفتار کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے میں مشترکہ طور پر یہ تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ایک شخص کی مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر اسے روکا گیا اور اسے پکڑ لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ذاتی تلاشی کے دوران سیکورٹی فورسز نے اس کے قبضے سے دو چینی دستی بم برآمد کئے اور اسے فوری طور پر گرفتار کر کے پولیس تھانہ منتقل کر دیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ پولیس تھانہ میں آرمز ایکٹ اور یو اے (پی) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات اور گرفتار شخص سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔