مین سٹریم سیاست دانوں کا ایک حصہ جان بوجھ کر ’سٹیٹ ہڈ‘ کو اہمیت دے رہا ہے :سوز

یو این آئی

سری نگر// کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سیف الدین سوز نے بدھ کے روز کہا کہ ـ”مجھے حیرانی ہو رہی ہے کہ مین اسٹریم سیاست دانوں کا ایک طبقہ عوامی مطالبات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ریاست کے درجے یعنی سٹیٹ ہڈ کی بات کر رہا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ وہ ریاست کا درجہ بحال کرنے میں مدد دیںگےــ”۔
انہوں نے کہاکہ سیاست دانوں کا یہ طبقہ اس حقیقت سے جی چرانا چاہتا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ اس بات کےلئے وعدہ بند ہیں کہ وہ ریاست کا درجہ ریاست کی حدبندی کے بعد بحال کریںگے!
اُن کے مطابق یہ سیاست دان جان بوجھ کر یہ بات لوگوں کو نہیں بتاتے کہ حکومت ہند نے پارلیمنٹ کے سامنے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کا درجہ عارضی وقت کےلئے معطل کیا گیا ہے اور حد بندی کے بعد اس درجے کو بحال کیا جائےگا۔
گویا مرکزی سرکار ریاست کا درجہ بحال کرنے کےلئے وعدہ بند ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ اپنی سیاسی قوت پر بھروسہ کر کے ریاست کی اندرونی خودمختاری کو بحال کرنے کےلئے اپنی آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیںگے۔ اس سلسلے میں لوگوں کو اپنی سیاسی قوت اور کامیابی کا پورا یقین ہے!