کشمیر کے پہاڑوں پر موسم کی پہلی برف باری

Special Arrangements

سری نگر//جموں و کشمیر میں شمالی کشمیر اور خطہ پیر پنچال کے اونچے پہاڑوں پر درمیانی شب کو رواں موسم کی پہلی برف باری ہوئی۔
یو این آئی اردو کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ پہاڑی سلسلہ پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو ہلکی برف باری ہوئی۔
برف باری کی وجہ سے اس پہاڑی سلسلے پر سفید چادر بچھ گئی ہے جس کا نظارہ گلمرگ کے نزدیک واقع سبھی علاقوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔
خطہ پیر پنچال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تاریخی مغل روڑ کے راستے بالخصوص پیر کی گلی کے مقام پر بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔ نیز دیگر کچھ پہاڑیوں نے بھی برف باری سے سفید رنگ و روپ اختیار کر لیا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں مغربی ہواﺅں کے زیر اثر اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
اتوار کے روز شہر سری نگر کے سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کو گرم ملبوسات کی خریداری میں مصروف دیکھا گیا۔