شوپیاں کے شرمال گاوں میں دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری

یو این آئی

سری نگر// جنوبی کشمیر کے شرمال شوپیاں گاوں میں ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی شام کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد شوپیاں کے شرمال گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ سلامتی عملے کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی شروع کی جس کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی۔انہوں نے کہاکہ اندھیرا چھا جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کی صبح تک آپریشن کو موخر کیا۔دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز نے دوبارہ تلاشی آپریشن شروع کیا جو یہ رپورٹ فائل کرنے تک جاری تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طورپر ملی ٹینٹ اندھیرے کا فائدہ اُٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم فورسز نے مفرور جنگجووں کو تلاش کرنے کی خاطر مزید کئی علاقوں کو محاصرے میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔