سانبہ، آر ایس پورہ اور کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیکی علاقوں کا بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن

File Photo

یو این آئی

جموں//سالانہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز جموں میں بین الاقوامی کنٹرول لائن کے رہائشی اور جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔

دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف نے سانبہ، آر ایس پورہ جموں اور کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سراغ رساں ایجنسیوں نے دراندازی کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے پیش نظر سرحدوں پر چوکسی بڑھائی گئی ۔

اُن کے مطابق ملی ٹینٹوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر جموں سے سری نگر تک سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے،جبکہ رات کا گشت بھی بڑھایا گیا ہے۔

دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ یاترا میں رخنہ ڈٓلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جگہ جگہ عارضی بینکر بنائے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر تین دائر وں والی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے تاکہ امکانی درا ندازی کو ناکام بنایاجا سکے۔

معلوم ہوا ہے کہ یاترا کے احسن انعقاد کے لئے ‘امسال یاترا کے لئے جموں صوبہ میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، لکھن پور سے جواہر ٹنل تک جو 268 کلو میٹر قومی شاہراہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، جموں، اودھم پور اور رام بن سے گزرتی ہے، کو مختلف زونوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک افسر کو لگایا گیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ یاترا کو سب سے زیادہ دراندازی کا خطرہ رہتا ہے جس کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا: ‘سالانہ امرناتھ یاترا کو سب سے بڑا خطرہ یہ رہتا ہے کہ کہیں دراندازی نہ ہوجائے اور اس کے بعد کہیں کوئی واردات پیش نہ آجائے اس لئے سیکورٹٰی گرڈ کو مزید مستحکم کیا گیا ہے’۔

ذرائع نے کہا کہ یاترا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے بارڈر پولیس فورس کے ساتھ ساتھ بی ایس ایف کی اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے، یہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں اپنے مورچے لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد کی طرف سے قومی شاہراہ کی طرف آنے والی تمام سڑکوں پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں، کئی جگہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں اور جو قومی شاہراہ کے چیک پوسٹس ہیں انہیں مزید مستحکم کیا گیا ہے وہاں سینٹرل پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہیں۔