جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج سکاسٹ جموں کے بابا جیتو آڈیٹوریم میں امر اجالا گروپ کی طرف سے منعقدہ ’ میریٹوریئس اسٹوڈنٹس ایوارڈ ‘ تقریب میں شرکت کی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام طلباءکو مبارکباد دی اور ان کی مستقبل کی کوششوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ” طالب علم کیلئے سب سے بڑی طاقت تنقیدی سوچ ہے اور تجسس ہی اصل شناخت ہے ۔ تنقیدی سوچ اور تجسس طالب علم کو ہمت ، دیکھ بھال اور تعاون کی اقدار حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی نظام میں علم اور اقدار دونوں وقت کی ضرورت ہے ۔ اس متاثر کن عمر میں کلاس روم کو طلباءکی ذہنی صلاحیت کو ابھارنا اور ان کی شخصیت کو نکھارنا چاہئے ۔
یہ دیکھتے ہوئے کہ عزت مآب وزیر اعظم کی رہنمائی میں تیار کی گئی قومی تعلیمی پالیسی نے پورے تعلیمی ایکو سسٹم کی نئی تعریف کی ہے ،لیفٹیننٹ گورنر نے سکولوں پر زور دیا کہ وہ جدت ، تخلیق ، لچک اور تجربات کو فروغ دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اختراع اور ایجاد کا کلچر طلباءکو مستقبل کے چیلنجوں سے اعتماد کے ساتھ نمٹنے اور مختلف صلاحیتوں میں قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل بنائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خطہ ، کوئی بھی قوم اس وقت ترقی کرے گی جب نوجوان نسل کو تنقیدی سوچ اور تجسس کی آبیاری کیلئے مناسب ماحول ملے ۔ لفٹینٹ گورنر نے طلباءسے کہا کہ اپنی آزاد سوچ ، انفرادی ترقی پر توجہ مرکوز کریں اور علم کی وسیع صلاحیت کو کھولنے کیلئے اپنے سوالات کے جوابات تلاش کرنا کبھی نہ چھوڑیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تعلیم کے شعبے میں متعارف کرائی گئی اصلاحات اور گذشتہ دو برسوں میں جموں و کشمیر میں تعلیمی شعبے کو تبدیل کرنے کیلئے قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق لئے گئے اہم فیصلوں پر روشنی ڈالی ۔
سب کیلئے تعلیم کے ہدف کو حاصل کرنے کی اپنی کوششوں میں ہم نے ڈراپ آو¿ٹ کی شرح کو کم کرنے کیلئے موثر مداخلت کی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ پچھلے سال اندراج کی مہم میں 14.5 فیصد اضافہ ہوا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچہ تیار کر رہے ہیں ، صنفی فرق کو ختم کر رہے ہیں ، اٹل ٹنکرنگ لیبز اور کمپیوٹر ایڈیڈ لرننگ سنٹر تیار کر رہے ہیں ، اسکالر شپ فراہم کر رہے ہیں ، انفرادی ترقی کیلئے ہاتھ بڑھا رہے ہیں اور معاشرے کے تمام طبقات کیلئے معیاری تعلیم کو یقینی بنا رہے ہیں ۔
ملک کے سرکردہ ماہرین تعلیم کو جموں و کشمیر کی اعلیٰ تعلیمی کونسل کا حصہ بننے کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم انسانی وسائل کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ایک عملی روڈ میپ تیار کر رہے ہیں ، موجودہ دور کے چیلنجوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اعلیٰ تعلیم کے ماحولیاتی نظام کو دوبارہ ترتیب دے رہے ہیں اور اکیڈمی اور صنعت کے تعلقات کو مضبوط کر رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آو¿ سکول چلیں مہم ، تلاش سروے ، اساتذہ طلباءکی رہنمائی کے پروگرام جیسے اقدامات کے ساز گار نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج 70000 لڑکے اور لڑکیاں 14 مختلف تجارتوں میں پیشہ وارانہ تربیت لے رہے ہیں اور اپر پرائمری اسکول میں 1420 کمپیوٹر ایڈیڈ لرننگ سینٹرز بچوں میں تجسس ، تنقیدی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں ۔
گروپ ایڈیٹر امر اُجالا مسٹر اآدے کمار نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں اس کوشش کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔
اس موقع پر 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے ہونہار طلباءکو اعزاز سے نوازا گیا ۔
اس موقع پر مئیر جے ایم سی راجندر شرما ، چئیر مین ڈی ڈی سی جموں بھارت بھوشن ،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، پرنسپل سیکرٹری سکول ایجوکیشن الوک کمار ، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار کے علاوہ سینئر افسران ، اساتذہ ، والدین اور طلباءکی بڑی تعداد موجود تھی ۔
وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر جے پی شرما ، وی سی جموں یونیورسٹی پروفیسر امیش رائے ، وی سی کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر بچن لال اور امر اجالا گروپ کے ممبران بھی موجود تھے ۔