سپریم کورٹ دفعہ 370 پر اپنا فیصلہ 11 دسمبر کو سنائے گی

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// سپریم کورٹ پیر، 11 دسمبر 2023 کو دفعہ 370 کی منسوخی کے معاملے میں اپنا فیصلہ سنانے والی ہے۔
سپریم کورٹ 11 دسمبر بروز پیر کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔
چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں آئینی بنچ نے اس معاملے کی سماعت کی تھی، بنچ میں جسٹس سنجے کشن کول، سنجیو کھنہ، بی آر گاوائی، اور سوریہ کانت بھی شامل تھے۔ اب بنچ آرٹیکل کو منسوخ کرنے کے مرکزی حکومت کے 2019 کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔
16 دن تک اس معاملے پر سماعت کرنے کے بعد عدالت نے 5 ستمبر 2023 کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
درخواست گزاروں کی نمائندگی سینئر وکلاء کے ایک گروپ نے کی جن میں کپل سبل، گوپال سبرامنیم، راجیو دھون، دشینت ڈیو، اور گوپال سنکرارائنن شامل تھے۔ وکلاء نے استدلال کیا کہ یونین آف انڈیا نے پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کا استعمال کرتے ہوئے صدر کے ذریعے متعدد ایگزیکٹو آرڈرز کا استعمال کیا۔
درخواست گزاروں نے اس اقدام کو وفاقیت پر حملہ اور آئین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔