آر آر سوین نے جموں و کشمیر کے 17ویں ڈی جی پی کا عہدہ سنبھال لیا

عظمیٰ ویب ڈیسک

سری نگر// سینئر آئی پی ایس آفیسر آر آر سوین نے منگل کو پولیس ہیڈکوارٹر سری نگر میں منعقدہ ایک تقریب میں جموں و کشمیر کے 17ویں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا عہدہ سنبھال لیا۔
سپیشل ڈی جی کرائم جموں و کشمیر، اے کے چودھری، اے ڈی جی ایس پی ایس جے ایم گیلانی، ایم کے سنہا، وجے کمار، ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز جموں و کشمیر آلوک کمار، کمشنر سیکریٹری صنعت و تجارت وکرمجیت سنگھ، آئی جی پی وی کے بردی، آئی جی پی (سی آئی وی/ ایچ کیو آر ایس) کے علاوہ اس موقع پر بی ایس توٹی اور جموں و کشمیر پولیس کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
آر آر سوین کی آمد پر سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پولیس ہیڈکوارٹر کے لان میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔
ڈی جی پی جموں و کشمیر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے 1991 بیچ کے آئی پی ایس افسر آر آر سوین جموں اور کشمیر پولیس کے مختلف اہم اور کلیدی عہدوں پر تعینات رہے جن میں ایس ڈی پی او کوٹھی باغ، ایس پی رام بن، ایس پی کرگل، ایس پی پونچھ، ایس ایس پی کٹھوعہ، ایس ایس پی جموں، ایس ایس پی ، AIG (پی/ڈبلیو) پولیس ہیڈکوارٹر اور ڈی آئی جی ویجی لنس سری نگر شامل ہیں۔ نومبر 2006 میں سوین ڈیپوٹیشن پر حکومت ہند میں تعینات ہوئے جہاں وہ باوقار عہدوں پر فائز تھے۔ جون 2020 میں، سوین نے سی آئی ڈی ونگ کے سربراہ کے طور پر جموں و کشمیر پولیس میں شمولیت اختیار کی اور آج ڈی جی پی جموں و کشمیر پولیس کا چارج سنبھال لیا۔
ڈی جی پی کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد، آر آر سوین نے پی ایچ کیو میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں پی ایچ کیو اور دیگر ونگز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
مختلف ونگز کے ایچ او ڈیز اور پی ایچ کیو کے سینئر افسران نے ڈی جی پی کو اپنے ونگز اور دفاتر کے کام / کام کے بارے میں بریفنگ دی۔