جموں و کشمیر میں جمہوری عمل، ریاستی درجہ کی بحالی اولین ترجیح:جے رام رمیش

سری نگر//رکن پارلیمنٹ اور جنرل سکریٹری انچارج کمیونیکیشن آل انڈیا کانگریس کمیٹی جے رام رمیش نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوری عمل اور ریاستی درجہ کی بحالی اولین ترجیح ہے۔
سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش نے کہا،”بھارت جوڑو یاترا سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد کیلئے شروع نہیں کی گئی ہے۔ اس کا انتخابات اور دیگر متعلقہ عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یاترا کا مقصد 2024کے لیے ایک پلیٹ فارم بنانا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہوئی سیکورٹی چوک کی نسبت آج حفاظتی انتظامات کافی حد تک بہتر تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری عمل اور ریاستی درجہ کی بحالی اس وقت اولین ترجیح ہے۔
رمیش نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں یاترا نے 116اضلاع میں 4080کلو میٹر پیدل سفر کیا جس دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے یاترا میں حصہ لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں بھی، پانچ اضلاع میں یاترا کا انعقاد کیا گیا جبکہ 30جنوری کو مرکزی اور اختتامی تقریب سرینگر میں منعقد کی جائے گی۔
اسی دوران کانگریس ہیڈکوارٹر میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔