کشمیر میں سنیما ہالوں کی دوبارہ شروعات ”بہتر حالات کی بحالی“ کا واضح ثبوت: کرن سنگھ

New Delhi: Senior Congress leader Dr Karan Singh addresses the media as party leaders (L-R) Anand Sharma, Ghulam Nabi Azad, Ambika Soni and P Chidambaram look on, in New Delhi, Saturday, Aug 3, 2019. (PTI Photo/Kamal Kishore) (PTI8_3_2019_000156B)

سرینگر //سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے کشمیر میں سنیما ہالوں کے افتتاح کو ” کشمیر میں نارمل حالات کی بحالی “ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار ڈل جھیل کو اتنا صاف دیکھا ہے۔ ایک قومی نیوز چینل کو دئے گئے اپنے انٹرویو میں سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ سینما ہالز کا دوبارہ کھلنا کشمیر میں حالات معمول پر آنے کی نشانی ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سینما حال کھلنے سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیر کے حالات معمول پر لوٹ چکے ہیں تاہم حالات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔
ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ سرینگر کی تاریخی ڈل جھیل کی صفائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا ”میں نے اپنی زندگی میں اتنی صاف ڈل جھیل نہیں دیکھی“۔ مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کے اعلان پر،ڈاکٹر کرن سنگھ نے اس فیصلے کو ”انتہائی اہم“قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ”ہری سنگھ کو کبھی اپنا حق نہیں ملا۔
انہوں نے اصلاحات کا سلسلہ شروع کیا۔ اس نے سب کے لیے مندر کھولے، اسکول اور کالج بنائے۔ اس کی خدمات کا اعتراف دیر سے ہوا“۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کا اعلان پورے جموں و کشمیر بالخصوص ڈوگروں کے لیے اہم ہے۔
کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی طرف سے بھارت جوڑو یاترا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ”کانگریس اب بھی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کا آئیڈیا اچھا ہے“۔تاہم، انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں سرگرم نہیں ہیں اور سال 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کی امیدوں کے بارے میں نہیں کہہ سکتے۔ خیال رہے کہ کچھ دن پہلے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں تین دہائیوں کے بعد ملٹی پلیکس سنیما ہال کا افتتاح کیا تھا۔