میں انجینئر رشید کے ساتھ دلی جانے کے لئے تیار ہوں: عمر عبداللہ

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے انجینئر رشید کا چیلنج تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ انجینئر رشید کے ساتھ دلی جانے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘انجینئر رشید نے شاید کل کہا کہ اگر میں ان کے ساتھ دلی واپس جانے کے لئے تیار ہوں تو وہ ہمارے حق میں میدان چھوڑ دیں گے، میں کہتا ہوں کہ جس دن ان کو تہاڑ جیل واپس جانا ہوگا میں ان کو دلی چھوڑنے کے لئے ان کے ساتھ جائوں گا وہ میدان چھوڑ دیں اور گھر میں بیٹھیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی وہ واحد جماعت ہے جو بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کے لئے تیار نہیں ہے جبکہ باقی جماعتیں کسی نہ کسی صورت میں بی جے پی کی مدد کرنے کے لئے میدان میں اتری ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں بی جے پی سے لوگوں کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے جموں میں بھی اورکشمیر میں بھی لوگ پریشان ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس پریشانی سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ بی جے پی اور بی جے پی کی مدد کرنے والوں کو الیکشن میں شکست دی جائے۔
انہوں نے کہا: ‘اس کے لئے ہم نے الائنس کے طور اپنے آپ کو لوگوں کے سامنے پیش کیا یہ ثابت کرنے کے لئے ہم ہی وہ لوگ ہیں جو بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ باقی جماعتیں کسی نہ کسی صورت میں بی جے پی کی مدد کرنے کے لئے میدان میں اتری ہیں۔
انہوں نے ووٹروں سے الائنس کے امید واروں کو کامیاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘میرے ووٹروں سے اپیل ہے کہ وہ الائنس کے امید واروں کو کامیاب کریں تاکہ ہمیں ایک بی جے پی کو دور رکھنے کا موقع مل سکے اور دوسرا جو یہاں نا انصافیاں ہوئی ہیں ہم ان کو درست کر سکیں۔