محمد تسکین
بانہال// رام بن میں کامن یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ (CUET) کے امیدواروں کو یقین دہانی کے باوجود امتحانات جموں وکشمیر سے باہر الاٹ کر دیے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر کے امیدواروں کے CUET انڈر گریجویٹ امتحانات کو کچھ دن قبل اس یقین دہانی کے ساتھ منسوخ کر دیا گیا تھا کہ امتحانات جموں اور کشمیر میں ہی منعقد کیے جائیں گے۔
حکام نے کہا تھا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی مقامی امیدواروں کے لیے جموں وکشمیر میں امتحانی مراکز قائم کرے گی۔ ایل جی منوج سنہا کی مداخلت کے بعد امتحانات منسوخ کر دیے گئے تھے۔
ادھر، رام بن کے طلباءنے کہا کہ انہیں ایڈمٹ کارڈ ملے ہیں جن میں جالندھر، پنجاب اور جموں و کشمیر سے باہر دیگر شہروں میں امتحانی مراکز الاٹ کیے گئے ہیں۔
رام بن ضلع کے کئی امیدواروں نے اپنے ایڈمٹ کارڈ دکھائے اور کہا کہ وہ جالندھر، پنجاب میں امتحانی مراکز میں حاضر نہیں ہو پائیں گے کیونکہ زیادہ تر امیدوار مالی طور پر CUET امتحان کے لیے جموں و کشمیر سے باہر جانے کی حالت میں نہیں ہیں۔
امیدواروں نے کہا کہ غلطی کو درست کرنے کے بجائے اُنہیں پھر یوٹی سے باہر امتحانی مراکز کی الاٹ کر دئے گئے ہیں جس نے متعلقہ حکام کی بے حسی کو ظاہر کیا ہے۔
رام بن ضلع کے امیدواروں نے ایل جی منوج سنہا، متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ رام بن سے اس معاملے پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی۔