محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے رہائشیوں نے لاپتہ خاتون سلیشا دیوی اور اُن کے 4 بچوں کے حق میں انصاف کا مطالبہ لے کر مختلف مقامات پر پرامن کینڈل مارچ نکالا۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سیلیشا دیوی (38)، زوجہ جیون سنگھ ساکن جاتگلی تحصیل راج گڑھ، ضلع رام بن، ایک ماہ سے زائد عرصے سے لاپتہ ہیں، لیکن رام بن پولیس ابھی تک کوئی ٹھوس نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
مقامی افراد نے متحد ہو کر مطالبہ کیا کہ پولیس حکام مشتبہ افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں اور انہیں گرفتار کیا جائے تاکہ لاپتہ خاتون کی تلاش کی جا سکے۔
انہوں نے متاثرہ خاتون اور ان کے چار معصوم بچوں کے لیے فوری انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔
اس حوالے سے جب ایس ایچ او رام بن وجے کوتوال سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانہ رام بن میں ایک گمشدگی کی رپورٹ درج کی گئی ہے اور تفتیش پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلیشا دیوی کے شوہر، جن پر شک ظاہر کیا جا رہا ہے، کو روزانہ تھانے میں طلب کیا جاتا ہے اور ان سے ان کی بیوی کے گمشدگی کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
کوتوال نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس پراسرار گمشدگی کا معاملہ بہت جلد حل کر لیا جائے گا۔