راجوری اور بارہمولہ میں وزیرِ داخلہ کی ریلیاں تاریخی ہوں گی: رویندر رینہ

یو این آئی

سری نگر// بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے دورہ جموں و کشمیر کے دوران راجوری اور بارہمولہ میں اپنی نوعیت کی تاریخی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان ریلیوں میں شرکت کرنے کے لئے لوگوں کا سیلاب امڈ آئے گا۔
بتادیں کہ وزیر داخلہ امیت شاہ جموں وکشمیر کے تین روزہ دورے پر پیر کو جموں پہنچ رہے ہیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران 4 اکتوبر کو راجوری میں جبکہ 5 اکتوبر کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
موصوف صدر نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا کہ یہ ریلیاں اپنی نوعیت کی تاریخی ریلیاں ہوں گی۔
انہوں نے کہا: ’امیت شاہ آج جموں پہنچ رہے ہیں وہ منگل کو راجوری میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے اور اس کے بعد بدھ کو وہ بارہمولہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ان ریلیوں میں لوگوں کا سیلاب امڈ آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ بارہمولہ میں امیت شاہ جی ریلی سے خطاب کرنے کے علاوہ یہاں کئی پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کریں گے۔
انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رویندر رینہ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں انتخابات منعقد کرانا الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اختیار میں ہے تاہم بی جے پی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ہمیشہ سے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابات کی تیاریاں شروع کی ہیں اور الیکشن کمیشن جس وقت بھی اعلان کرے گا ہم حصہ لینے کے لئے تیار ہوں گے۔