جموں وکشمیر کے بیشتر مقامات پر ہلکی بارشیں،وادی میں مزید بارش کا امکان

Photo: Amaan Farooq

سرینگر//جموں وکشمیر میں گزشتہ چند روز سے رُک رُک کر جاری بارشوں کے درمیان، خطے میں زیادہ تر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، وہیں اگلے 48 گھنٹوں ے دوران کہیں کہیں مزید ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک افسر نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں آج صبح ساڑھے آٹھ بجے تک کٹھوعہ میں 39.2 ملی میٹر بارش ہوئی جس کے بعد کپواڑہ میں 17.2 ملی میٹر، بٹوت میں 15.2 ملی میٹر، بانہال میں 5.2 ملی میٹر، جموں میں 5 ملی میٹر، کٹرا میں 4.8 ملی میٹر، پہلگام میں 0.8 ملی میٹر ، گلمرگ میں 0.4 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 0.3 ملی میٹربارش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 20.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 21.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے48 گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران جموں کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ادھر وادی میں ہلکی بارشوں سے اگرچہ درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت مسلسل معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت15.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی جلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت17.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت19.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔