قاضی گنڈ// جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے کا ایک نوجوان، جو سعودی عرب میں جے سی بی آپریٹر کے طور پر کام کر رہا تھا، مبینہ طور پر جے سی بی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا ہے۔ تاہم اہل خانہ نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے۔
قاضی گنڈ کے وائی کے پورہ کے رہائشی غلام نبی بٹ کے بیٹے 24 سالہ ذاکر نبی بھٹ کے اہل خانہ نے بتایا کہ ذاکر کو آسام کے رہائشی ایک جے سی بی ڈرائیور نے جے سی بی سے ٹکر مار کر ہلاک کر دیا ہے، جس نے کچھ دن پہلے اس کے ساتھ جھگڑا کیا تھا اور اسے مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔
اہلِ خانہ کا الزام ہے ،”ہمارا بیٹا گزشتہ چھ ماہ سے سعودی عرب میں کام کر رہا تھا۔ اس نے ہمیں بتایا تھا کہ اس کے ساتھ کام کرنے والا آسام کا ایک نوجوان اسے ہراساں کر رہا ہے۔ کل، تعمیراتی جگہ پر، ہمارے بیٹے کو جے سی بی نے ٹکر ماری تھی اور پتہ چلا کہ آسام کا نوجوان اس فعل میں ملوث تھا“۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سعودی حکومت سے ذاکر کی آخری رسومات وہیں ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا،”ہم نے سعودی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ذاکر کے قتل میں ملوث نوجوانوں کو سخت سزا دی جائے۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے”۔