پلوامہ میں بھتہ خور گرفتار، کھلونا پستول،مسروقہ سامان بازیاب

پلوامہ//پلوامہ پولیس نے بھتہ خوری کے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک نقلی ملی ٹینٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ راج پورہ کو ایک شخص کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی ، جس میں کہا گیا کہ تقریباً شام ساڑھے سات بجے جب وہ اپنے کلینک سے گھر کی طرف جارہا تھا، ایک نامعلوم شخص نے اسے روکا اور اسے ہتھیاروں سے ڈرایا اور رقم اور دیگر قیمتی اشیاء، موبائل فون چھین کر فرار ہو گیا۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس تھانہ راجپورہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 8/2023 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کردی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران متعدد افراد کو پکڑا گیا جن میں سے ایک سے پیشہ ورانہ طور پر پوچھ گچھ کی گئی جس نے انکشاف کیا کہ اس نے کھلونا پستول کے ذریعے مذکورہ جرم کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص کی شناخت عادل احمد ڈار ولد یوسف ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار شخص کے انکشاف پر اس کے قبضے سے 2 کھلونا پستول ،3پرس ، شکایت کنندہ کا ریڈمی موبائل فون ، 3330 روپے نقد،1جموں وکشمیر بینک کے اے ٹی ایم کارڈ، آدھار کارڈ، ایس بی آئی اے ٹی ایم کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، الیکشن کارڈ، جیو سم کارڈ برآمد کیا گیا۔
اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے کسی بھی شخص کے جال میں نہ پھنسیں اور ایسے واقعے کے بارے میں متعلقہ پولیس تھانے کو اطلاع دیں۔