موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عوامی تعاون اور اشتراک پہلی شرط:فاروق عبداللہ

یو این آئی

کشتواڑ//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے قانونی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ ووٹر فہرستوں میں نام درج کرانا سیاسی جدوجہد کی پہلی کڑی ہے اور یہ عمل 25 اکتوبر تک مکمل ہوگا۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے کشتواڑ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ لوگوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور موجودہ و آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پُرعزم اور ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت سخت ترین چیلنجوں کے مقابلے کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال وسیع اتحاد و اتفاق کی متقاضی ہے۔ ایک جُٹ ہوکر ہی ہم تمام چیلنجوں کا سامنا کرسکتے ہیں اور اگر ہم ٹولیوں میں بَٹ گئے تو ہم کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے ایجنڈا پر قائم و دائم ہے اور ہماری جماعت ہر حال میں جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی لیکن اس کیلئے عوامی تعاون اور اشتراک اولین شرط ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے قانونی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد میں مصروفِ عمل ہے۔
حقوق کی بحالی کے ئے قانونی اور آئینی جدوجہد سپریم کورٹ میں جاری ہے اور جمہوری وسیاسی جدوجہد میں عوام کو اپنا رول نبھانا ہوگا۔
اس وقت ووٹر فہرستوں میں نام اندراج کرانے کا عمل جاری ہے اور ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم لوگوں کو ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرانے کیلئے قائل کریں اور انہیں ووٹ پرچی کی اہمیت اور افادیت سے باخبر کریں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ ووٹر فہرستوں میں نام درج کرانا سیاسی جدوجہد کی پہلی کڑی ہے اور یہ عمل 25اکتوبر تک مکمل ہونے والے ہے اور اس کے بعد سیاسی جدوجہد کا دوسرا مرحلہ آنے والے اسمبلی انتخابات ہونگے جہاں لوگوں کو جوق در جوق نکل کر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہوگا تاکہ جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کے لوگوں کا مستقبل پُرامن اور تعمیر و ترقی یافتہ ہو۔