PSLکی کامیابی کے بعدانٹرنیشنل الیون کی پاکستان آمد متوقع

لندن //پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے لگے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ورلڈ الیون ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر غور۔ برطانوی اخبار نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلنے کا قومی امکان ہے جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ الیون ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھجوانے کیلئے غور شروع کردیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے جائلز کلارک نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم ستمبر میں پاکستان آئے گی اور اس سیریز کو انڈی پینڈنس ٹی 20 کپ کا نام دیا گیا ہے۔ رواں برس ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جس کے مطابق ورلڈ الیون ٹیم 17 ستمبر کو دبئی پہنچے گی اور لاہور میں 4 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ الیون ٹیم پہلا میچ 22 دوسرا 23 تیسرا 28 چوتھا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 29 ستمبر کو لاہور ہی میں کھیلا جائیگا۔دریں اثناء پاکستان کے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ سے زمبابوے کے وزیر کھیل نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان بدھ کے روز یہاں ہونے والی ملاقات میں زمبابوے کے وزیر کھیل نے پاکستان میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کے لئے بہتر سکیورٹی انتظامات پر حکومت کو مبارک باد دی۔ وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کی جانب سے نہ صرف زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کو باضابطہ پاکستان آنے کی دعوت دی گئی بلکہ اس حوالے سے مناسب اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ پی ایس ایل فائنل کے انعقاد اور اس کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہنے پر زمبابوے کے وزیر کا شکریہ ادا کیا گیا۔