منتخب عازمین حج کو 7 اپریل سے قبل 81,800 روپے جمع کرانے کی ہدایت

سری نگر//جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر نے آج ایک مکتوب جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا سے موصولہ سرکلر کے مطابق، تمام عارضی طور پر منتخب حجاج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 81,800 روپے7 اپریل تک یا اس سے قبل ایڈوانس جمع کرائیں۔
مکتوب کے مطابق، ادائیگیاں یا تو آن لائن www.hajcommittee.gov.in کے ذریعے کی جا سکتی ہیں یا SBI یا یو بی آئی کے پاس رکھے گئے حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاونٹ میں کسی بھی بنیادی بینکنگ سسٹم والی شاخ کے ذریعے ادائیگی کے خصوصی زریعے سے سلپ کے زریعے بینک حوالہ نمبر کا استعمال کرتے ہوئے رقومات ادا کریں ۔
اس کے علاوہ، کشمیر صوبہ کے عازمین کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اصل پاسپورٹ کے ساتھ پے ان سلپ کی ہارڈ کاپی 10 اپریل 2023 تک یا اس سے پہلے حج ہاوس، بمنہ، سری نگر میں جمع کرائیں۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جموں صوبہ کے عارضی طور پر منتخب عازمین مذکورہ بالا دستاویزات اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر دفاتر میں 08 اپریل 2023 تک یا اس سے پہلے جمع کرائیں گے تاکہ 10 اپریل 2023 تک یا اس سے پہلے حج کمیٹی پہنچ سکیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق،”مذکورہ بالا کے علاوہ، تمام منتخب عازمین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ www.hajcommittee.gov.in پر دستیاب پروفارما کے مطابق میڈیکل سکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں اور پاسپورٹ کے ساتھ جمع کرائیں”۔