زمینوں سے بے دخلی کے نوٹس کے خلاف بٹھنڈی،سنجواں میں احتجاجی مظاہرہ

File Photo

جموں//جموں کے بٹھنڈی ، سنجوان اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے پیر کے روز حکام کی طرف سے انہیں دیے گئے بے دخلی کے نوٹسز کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
بتادیں کہ یہ نوٹس جموں وکشمیر حکومت کی جاری انسداد تجاوزات مہم کے تناظر میں جاری کئے گئے۔
مقامی زرائع نے بتایا کہ بٹھندی، سنجواں اور ملک مارکیٹ علاقے کے لوگ آج جمع ہوئے اور حکومت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے تھے، اُنہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کالونیوں کو بھی دیگر کالونیوں کی طرح ریگولرائز کیا جائے جنہیں حال ہی میں حکومت نے ریگولرائز کیا تھا۔
اسی دوران احتجاج کو ختم کرنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کے عہدیدار موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو سمجھانے کی کوشش کی۔
اُنہوں نے لوگوں سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انتظامیہ کے عہدیداروں نے کہا کہ غیر قانونی کمرشل جگہوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔غریب لوگوں اور رہائشی مکانات کو نہیں چھیڑا جائے گا۔تاہم ،لوگوں نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا اور رپورٹ درج ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھنے کا انتباہ دیا۔
زرائع نے مزید بتایا کہ بٹھنڈی میں تمام تجارتی بازار بند ہیں جبکہ سنجوان اور ملک مارکیٹ میں بھی احتجاج جاری ہے۔